لاہور(نیوز رپورٹر) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کی نیب میں پیشی کو ’’لوٹ کے بدھو گھر کو آئے‘‘ کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپٹ اور بد دیانت عناصر کا بالآخر قانون کے سامنے پیش ہونا دنیا کا قانون ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ملکی خزانے کو گھر کا مال سمجھ کر اڑایا۔ اس پر قانون کے شکنجے سے بچ جانے کی توقع کرنا نام نہاد خادم اعلیٰ کی خام خیالی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کو شوگر سکینڈل رپورٹ پر وزیر اعظم عمران کی ہدایات پر کارروائی کے آغاز کے بعد واقعتاً اپنا انجام نظر آرہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شہباز شریف کے حواری شوگر سکینڈل پر بے جا تنقید کر رہے ہیں۔