لاہور(سٹاف رپورٹر) شہباز شریف گذشتہ روز نیب آفس میں پیش ہوئے اور نیب کی جانب سے دئیے گئے سوالات کے جوابات دئیے۔ نیب کی جانب سے شہباز شریف کے جوابات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہو اہے کہ آمدن سے زائد اثاثے اور منی لارڈنگ کے کیسوں کی تحقیقات کے حوالے سے شہباز شریف تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ نیب آفس میں موجود رہے جہاں ان سے 40 مختلف سوالوں کے جوابات پوچھے گئے جن میں سے آدھے کے جوابات شہباز شریف نے جمع کروائے۔ 90منٹ پوچھ گچھ کے بعد نیب حکام نے شہباز شریف کو واپس جانے کی اجازت دیدی۔ شہباز شریف کی نیب آفس آمد کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ تمام افسروں نے ماسک پہن رکھے تھے اور تمام تر احتیاطی تدابیر کو اپنایا گیا تھا۔ دوسری جانب نیب ذرائع سے معلوم ہو اہے کہ نیب کی جانب سے شہباز شریف کے جوابات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور آئندہ دو سے تین روز میں آئندہ کی کارروائی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ شہباز شریف کو چند روز بعد دوبارہ نیب آفس طلب کیا جائے گا جہاں ان سے مزید پوچھ گچھ کی جائے گی۔ایک ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ کرونا کیسز اور اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت ہرممکن طریقے سے اس کا الزام عوام پر لگائے گی۔ حکومت اپنے ایکشنز کی ذمے داری نہیں لینا چاہتی۔ اپنی نااہلی کسی نہ کسی کو قربانی کا بکرا بنا کر چھپاتی ہے۔