شالیمار اسٹیل ملز کیس ،ہائیکورٹ کوزیرالتوادرخواست پرتین ماہ میں فیصلہ کرنیکی ہدایت

Jun 10, 2020

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)عدالت عظمی نے شالیمار اسٹیل ملز سے متعلق کیس میں ہائیکورٹ کو زیر التوا درخواست پر تین ماہ میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ منگل کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے شالیمار سٹیل ملز کے وکیل سے استفسار کیا آپ نے 8 کروڑ روپے لینے ہیں بنک گارنٹی کیوں نہیں دے رہے؟ 8 کروڑ روپے نیشنل بنک میں پڑے سود بھی مل رہا ہے۔ وکیل شالیمار سٹیل ملز نے کہا سات سال سے مل بند ہے ہمارے پاس پیسے ہی نہیں ہیں جس کی وجہ ہمارے سینکڑوں ملازمین بے روزگار ہیں۔ ایک موقع پر بینچ کے رکن جسٹس مظاہر علی مقوی نے ریمارکس دیئے کیس ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے، سپریم کورٹ نے کوئی فیصلہ دیا تو مرکزی کیس متاثر ہوگا۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا سات سال کے دوران کیس میں 41 بار التوا لیا گیا ہے، ملزم کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا ہم عدالت سے مزید التوا نہیں لیں گے میرے موکل نے زیور بیچ کر ضمانت لی۔ جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کورونا کیوجہ سے جلدی کچھ نہیں ہوگا ہائیکورٹ کو تین ماہ میں فیصلے کا کہہ دیتے ہیں۔ عدالت نے ہائیکورٹ کو تین ماہ میں کیس کا فیصلہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

مزیدخبریں