کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان کلاتھ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین احمد چنائے نے ایف پی سی سی آئی کے حوالے سے خالد تواب کی پٹیشن پر فیصلے میں ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن کی جانب سے تعطل پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن کو شہادتی رپورٹ پہلے ہی ارسال کردی گئی ہے۔ گزشتہ سال کے انتخابات میں یو بی جی کے صدارتی امیدوار خالد تواب 5 ووٹوں سے کامیاب ہوئے تھے لیکن دھاندلی کے ذریعے حقائق چھپائے گئے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے غلط نتیجہ کا اعلان کیا گیا جو جانبداری کا مظہر ہے، جس کی بناء پر بزنس پینل گروپ کی ظاہر کی گئی دھاندلی کی شہادت ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن کو اس التماس کے ساتھ بھیجی گئی کہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات کے نتیجے کے حقائق کا اعلان کیا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن نے اب تک اس کے فیصلے کا اعلان نہیں کیا ہے جس پر کاروباری افراد نے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ احمدچنائے نے کہا کہ ملک میں کاروباراور صنعت کی پیشرفت کا انحصار ایف پی سی سی آئی کے لئے منتخب تجربہ کار قیادت پر ہے ،یہ تب ہی ممکن ہے کہ جب ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن اپنا کردار غیر جانبداری سے ادا کریں اور ایف پی سی سی آئی کے نتیجے کا منصفانہ اعلان کریں۔