کراچی (اسپورٹس رپورٹر ) کراچی کنگز مارٹن گپٹل کیلیے اپنی اوپننگ جوڑی تبدیل نہیں کریں گے، کپتان عماد وسیم نے بابر اعظم اور شرجیل خان کے ساتھ اننگز کے آغاز کا عندیہ دے دیا۔ورچوئل پریس کانفرنس میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ہم ایونٹ میں ایک ایک میچ کی پلاننگ کرکے آگے بڑھیں گے، بیٹنگ اور بولنگ کے اعتبار سے کراچی کنگز کا کمبی نیشن زبردست ہے،کراچی میں پرفارمنس ماضی کا حصہ بن چکی،اب نیا ماحول اور کنڈیشنز ہیں، ٹیم میں کچھ تبدیلیاں بھی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نئے جوش اور ولوے کے ساتھ میدان میں اتریں گے، ہر میچ میں کارکردگی اپنی اہمیت رکھتی ہے، عمدہ کھیل پیش کرنے والے بابر اعظم اور شرجیل خان کے ساتھ اننگز کا آغاز بہتر ہوگا،ٹیم کے مفاد میں میرٹ پر فیصلے کریں گے۔یاد رہے کہ کراچی کنگز کو جارح مزاج اوپنر مارٹن گپٹل کی خدمات میسر ہیں مگر ان کو مڈل آرڈر میں کھلانے کا امکان ہے۔عماد وسیم نے کہاکہ ہم پر ٹائٹل کے دفاع کا دباو نہیں، پہلا ہدف فائنل فور تک رسائی ہے، گرم موسم کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر اثر انداز ہوسکتاہے، رات کو اوس بھی دونوں ٹیموں کیلیے مسئلہ بنے گی، اگر ایسا ہوا تو پھر اسپنرز کیلیے مسائل ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ تمام ٹیمیں ہی اچھی تیاری کے ساتھ میدان میں ہوں گی، سب ٹرافی جیتنے کی خواہش رکھتے ہیں، کھلاڑیوں سے یہی کہاا ہے کہ اپنی سوفیصد کارکردگی دکھائیں اور نتیجہ اللہ پر چھوڑ دیں۔ایک سوال پر عماد وسیم نے کہا کہ میں ذہنی اور جسمانی طورپر مضبوط ہونے کے بعد ٹیم میں آیا ہوں، اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ابتدائی نمبرز پر بھی بیٹنگ کرسکتا ہوں، ذاتی کارکردگی مقصد نہیں، جو ٹیم کے لیے اچھا ہوا وہی کروں گا، اگر مجھے لگا کہ میچ کی صورتحال کے پیش نظر دیگر بولرز مجھ سے اچھی بولنگ کررہے ہیں تو انھیں مواقع دوں گا۔