لاہور (خصوصی رپورٹر+نیوزرپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جعلی راجکماری کی’’سٹپنیاں‘‘ پے در پے ناکامیوں کے بعد ذہنی مریض بن چکی ہیں۔ ’’بڑی سٹپنی‘‘ کے ساتھ ’’چھوٹی سٹپنی‘‘ کی ذہنی حالت پر رحم آتا ہے۔ جب سے پی ڈی ایم کا بٹوارا ہوا ہے ان کے چہروں پر بوکھلاہٹ اور مایوسی عیاں ہے۔ جعلی راجکماری کی’’سٹپنیوں‘‘ کے پاس بیچنے کیلئے اب کوئی چورن نہیں۔ پی ڈی ایم کی بربادی کی داستان جب بھی لکھی جائے گی ان نااہل اور نالائق’’سٹپنیوں‘‘ کا نام سرفہرست ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے بارے میں بات کرنے سے پہلے انہیں اپنی اوقات یاد رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’’سٹپنیوں‘‘ کے بارے میں یہی کہا جاسکتا ہے ’’کیا پدی،کیا پدی کا شوربہ‘‘۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار ان کے آقاؤں کی طرح چور دروازے سے آئے نہ منصوبوں میں کمیشن کھایا اور کک بیکس لئے۔ منصوبوں میں کک بیکس لینا اور کمیشن کھانا سٹپنیوں کے بڑوں کا وطیرہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ یاد رکھیں کہ سابق دور میں جعلی خادم اعلی خود ٹھیکے دیتے اور ٹھیکیداروں سے ملاقاتیں کرتے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار ان کے دور کے حکمرانوں کی طرح خود ٹھیکے دیتے ہیں نہ ٹھیکیداروں سے ملاقاتیں کرتے ہیں۔