جاوید لطیف کی ضمانت منظور، نواز شریف اسی سال پاکستان آ رہے، لیگی رہنما

Jun 10, 2021

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سیشن عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے رہائی کے لیے جاوید لطیف کو دو، دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ خیال رہے کہ جاوید لطیف کے خلاف ریاست مخالف بیان دینے کا مقدمہ ہے۔ 27 پریل کو گرفتار کیا گیا تھا۔  لاہور کی سیشن عدالت نے جاوید لطیف کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج حفیظ الرحمان نے جاوید لطیف کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دریں اثناء جاوید لطیف کے خلاف درج کیس کی سماعت جوڈیشل مجیسٹریٹ کی عدالت میں بھی ہوئی جس میںفاضل عدالت نے ریاست مخالف اور اشتعال انگیز بیانات کے الزام میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کیخلاف درج مقدمے کی سماعت 23 جون تک ملتوی کر دی۔ جاوید لطیف کوعدالت میں پیش کیا گیا۔ جج نے تفتیشی افسر نے  بتایا گیا کہ چالان تکمیل کے مراحل میں ہے مزید وقت درکار ہے۔ سماعت کے بعدغیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ مجھے اپنی فکر نہیں ملک کی فکر ہے۔ ملک کا نظام تباہ ہو گیا ہے۔ آئے روز ٹرینوں کے حادثات ہو رہے ہیں۔ حکومت کسی چیز کی ذمہ داری لینے کے لیے تیار نہیں۔ جاوید لطیف نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن اور نواز شریف ملک کا مستقبل ہیں۔ میاں نواز شریف اسی سال پاکستان آ رہے ہیں۔ جب میں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنے کی بات کرتا ہوں تو مجھے غدار کہا جاتا ہے۔ قوم نواز شریف کو آج صرف یاد کر رہی ہے۔آنے والے کل نواز شریف کو ڈھونڈیں گے۔ اب پنجابی فیصلہ کن تحریک میں ہر اول دستے کا کامیاب رول ادا کریں گے۔

مزیدخبریں