کراچی (وقائع نگار)مرکزی اطلاعات سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری کا مریم نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کو اصولی اور اخلاقی طور پی ڈی ایم کا نام استعمال نہیں کرنا چاہیے اور پیپلزپارٹی اور اے این پی کے بغیر پی ڈی ایم کا وجود سوالیہ نشان ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں عمران خان کوشکست دی جبکہ مریم نواز کی سیاست نے عمران نیازی حکومت کو سہارا دیاہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو مسلم لیگ ن نے اپنی ذیلی تنظیم تصور کیا۔ شازیہ مری نے کہاکہ پیپلزپارٹی موجودہ نالائق حکومت کو من مانی کرنے نہیں دیگی جبکہ قومی اسمبلی میں عمران نیازی اکثریت کھو چکے ہیں۔مرکزی اطلاعات سیکریٹری پی پی پی نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کو تعاون کی پیشکش کی ہے اور امید ہے نیازی حکومت کو گرانے کیلئے مسلم لیگ ن کے صدر ہمارا ساتھ دینگے۔