لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انسداد ڈینگی کے لئے صوبہ بھر میں مؤثر مہم چلانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ صحت اور انتظامیہ انسداد ڈینگی کیلئے ضروری اقدام کئے اور انسداد ڈینگی کیلئے متعلقہ ٹیموں کو متحرک کیا جائے۔ متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ وضع کر دہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز انسداد ڈینگی کے لئے اقدامات کی خود نگرانی کریں۔ متعلقہ افسروں اور عملے کو دفتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں نظر آنا چاہیے۔ پہلے زیادہ توجہ کرونا پر تھی، اب ڈینگی کا بھی مؤثر سدباب کرنا ہو گا۔ انسداد ڈینگی کے اقدامات کو خود مانیٹر کروں گا۔ ’’سب اچھا ہے‘‘ کی رپورٹ سے کام نہیں چلے گا۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی۔ ان عناصر نے اڑھائی برس میں ملک و قوم کے ساتھ وہ کیا جو دشمن بھی نہیں کرتا۔ افراتفری پھیلانے والے عناصر کے باوجود ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نئے عزم اور جذبے کے ساتھ آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ کرپشن سے پاک اور معیار ی منصوبے ہماری حکومت کا طرہ امتیازہے۔ حکومت کے دامن پر سکینڈل کا کوئی داغ نہیں۔ ہمارا اڑھائی برس کا مختصر دور سابق ادوار کی 3 دہائیوں کے مقابلے میں شفاف ترین ہے۔ سابق ادوار میں ہر روز کرپشن کا نیا سکینڈل سامنے آتا تھا۔ عوام آج بھی کرپشن کی داستانوں کو نہیں بھولے۔ سابق حکمران وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے بویا۔ ماضی میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا۔ ہم نے لوٹ مار کے کلچر کو دفن کر دیا ہے۔ قومی وسائل میں خیانت کرنے والوں کی پاکستانی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہماری حکومت کے منصوبے معیار اور شفافیت میں اپنی مثال آپ ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حکومت کے مؤثر اقدامات کے باعث کرونا کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ ویکسین لگوائیں اورکرونا سے محفوظ رہیں۔ ایک کروڑ کرونا ویکسین لگانے پر وزیراعظم عمران خان، ان کی ٹیم اور این سی اوسی کی مخلصانہ کاوشوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اپوزیشن کے بے بنیاد پراپیگنڈا کے باوجود اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ اپوزیشن عناصر کورونا پر سیاست چمکاتے رہے اور حکومت دکھی انسانیت کی خدمت کرتی رہی۔ اپوزیشن کو ہزیمت اٹھانا پڑی۔
ہمارے اڑھائی برس سابق ادوار کی3دہائیوں سے شفاف: عثمان بزدار
Jun 10, 2021