اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ انتخابات میں شفافیت کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت بار ایسوسی ایشنز کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں اور پرعزم ہے۔ بار ایسوسی ایشنز کی سیاست آزادانہ ہونی چاہئے، حکومت اور سیاسی جماعتوں کی اس میں کوئی مداخلت نہ ہو، ملکی مفاد بار ایسوسی ایشنز سمیت ہم سب کے لئے مقدم ہے۔ انصاف لائرز فورم کے مسائل سے آگاہ ہیں۔ ان کے حل کے لئے بھرپور کاوشیں کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف لائرز فورم راولپنڈی اسلام آباد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل اور ایڈووکیٹ جنرل نیاز اللہ نیازی بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری سیاست عمران خان سے وابستہ ہے۔ پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوان وکلاء کو 10 لاکھ روپے تک قرضہ فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ وزیراعظم کی نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم میں بھی وکلاء کو شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں ہم نے ایک کروڑ لوگوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مکمل کر لیا ہے۔ پاکستان نے کرونا کے خلاف جس طرح جنگ لڑی پوری دنیا اس کی معترف ہے۔ بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جس طرح اس اعصاب شکن جنگ میں قوم کو ایک لمحہ بھی مایوس نہیں ہونے دیا اور این سی او سی نے وزیراعظم کی پالیسی کو نافذ کیا، اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف مکمل کر لیا: فواد چودھری
Jun 10, 2021