غربت کا خاتمہ: حکمت عملی بنا لی، چین کامیاب بھارت ناکام رہا، عمران 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی/ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی دفعہ معاشی طور پر کمزور طبقے کو غربت سے نکالنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے، ہمسایہ ملک چین اور بھارت کی مثال سامنے ہے، چین نے پچھلے تیس سال میں لاکھوں لوگوں کو ایسے اقدامات کے تحت غربت سے نکالا جبکہ بھارت اس میں ناکام رہا، حکومت کی اولین ترجیح نچلے طبقے کے لوگوں کی مالی مدد کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات سے انہیں روزگار میں خود کفیل بنانا ہے۔ وہ بدھ کو کامیاب پاکستان پروگرام کے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین، معاونین خصوصی وقار مسعود، عثمان ڈار، چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ انور علی حیدر، چیئرمین حبیب بنک سلطان علی الانہ، طفر مسعود پریزیڈنٹ پنجاب بنک، متعلقہ اعلی حکام اور سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت کامیاب کاروبار، کامیاب کسان اور کامیاب ہنرمند پروگرام، کم لاگت رہائشی سکیموں اور کامیاب پاکستان ہائوسنگ کیلئے ہول سیل لینڈنگ کو ایک پروگرام، ’’کامیاب پاکستان پروگرام‘‘ میں شامل کرنے پر بریفنگ دی گئی۔ کامیاب پاکستان پروگرام ملک میں معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے اور لوگوں کو روزگار کیلئے خود کفیل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پروگرام کے تحت بڑے پیمانے پر نئے امید واروں کو کاروبار، کم لاگت رہائش اور زرعی قرضے فراہم کیے جائیں گے جو نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کریں گے، بلکہ معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ غربت کے خاتمے، جی ڈی پی گروتھ اور لوگوں کو بنکاری کے دھارے میں شامل کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احساس پروگرام فلاحی ریاست کے قیام کی بنیاد ہے، یہ ایک زبردست اقدام ہے، اس پروگرام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت طالب علموں کو دی جانے والی سکالرشپس کو ایک ڈیٹا بیس پر لایا جائے۔ بدھ کو اسلام آباد میں پہلے ون ونڈو احساس سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ فلاحی ریاست کی جانب ایک بنیادی قدم ہے، جب اعدادوشمار دستیاب ہوں گے تو اہداف کا تعین کرنے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو ون ونڈو سنٹر اور احساس ون ونڈو منصوبے پر بریفنگ دی۔ گلگت بلتستان کابینہ کا اجلاس وزیراعظم کی زیرصدارت ہوا۔ کابینہ نے 1037 عارضی ملازمین کی تنخواہ 16 ہزار کرنے کی منظوری دی۔ رواں سال بلدیاتی انتخابات کرانے کی بھی منظوری دی گئی۔ پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کیلئے زمین فراہم کرنے کی منظوری دی۔ وزیر خزانہ جی بی نے کہا کہ پی ایچ اے کے تحت 1200 گھر تعمیر کئے جائیں گے۔ ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو 35 کروڑ گرانٹ کی منظوری دی۔ 

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...