دسویں جماعت کے امتحانات 2 جولائی اورانٹہ کے 26 جولائی سے شروع ہونگے

Jun 10, 2021

کراچی (نیوزرپورٹر) سندھ میں دسویں جماعت کے امتحان 2 جولائی جبکہ بارہویں جماعت کے 26 جولائی سے ہوں گے، نویں اور گیارویں کے امتحانات دسویں اور بارہویں کی امتحانی کاپیوں کی جانچ کے بعد شروع کیے جائیں گے۔  اس بات کا فیصلہ سکریٹری کالج ایجوکیشن خالد حیدر شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں چیئرمین حیدرآباد بورڈ ڈاکٹر محمد میمن، چیرمین میٹرک بورڈ پروفیسر شرف علی شاہ اور انٹر بورڈ کے چیرمین سعید الدین نے شرکت کی ،اجلاس میں طے کیا گیا کہ امتحانات اختیاری مظامین کے ہوں گے جبکہ
 لازمی مضامین کے نمبرز اوسط کی بنیاد پر ملیں گے اور اوسط کی بنیاد اختیاری مضامین کے حاصل کردہ نمبروں کی بنیاد پر ہوگی۔  عملی امتحانات نہیں ہوں گے مگر ان کے نمبر نظری امتحانات کی بنیاد پر ملیں گے، گزشتہ برس کی طرح رواں سال بھی امیدواروں کو 5 فیصد اصافی نمبرز دیئے جائیں گے، نویں کے نمبرز دسویں کی بنیاد پر جب کہ گیارہویں کے نمبر بارہویں کی بنیاد پر ملیں گے، امتحانی مراکز مکمل ایس او پیز کے ساتھ قائم جائیں گے جو طلبہ اختیاری پرچوں میں ناکام ہوں گے انہیں پاسنگ نمبر دے کر کامیاب قرار دیا جائے گا۔ اسپیشل چانس اور 12 پرچوں کے طلبہ کو اوسط نمبرز ملیں گے، امتحانی سوالات 50 فیصد ایم سی کیوز، 30 فیصد مختصر جوابات اور 20 فیصد لازمی جوابات پر مشتمل ہوگا، تین گھنٹے کا پرچا ڈھائی اور دو گھنٹے کا پرچہ ایک گھنٹے پر مشتمل ہوگا، محکمہ تعلیم اساتذہ کو امتحانی پرچوں کی جانچ اور دوران امتحان ڈیوٹی کو لازمی قرار دے گی، حکومت امتحانی مراکز پر درجہ حرارت ناپنے والا آلہ اور سینیٹائزر فراہم کرے گی۔

مزیدخبریں