خالد بہزاد ہاشمی
پاکستان کی بنیادو دو قومی نظریہ کی بنیاد پر وجود میں آئی تھی اور مصور پاکستان، شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال اور حضرت قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز نگاہوں نے ایک صدی بعد پاک و ہند کے مظلوم و محکوم مسلمانوں کی حالتِ زار کا بخوبی اندازہ لگایا تھایا اور قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کی شب و روز محنت کے نتیجہ میں مدینہ کی اسلامی ریاست کے بعد دوسری نظریاتی ریاست مملکت خداداد کا وجود میں آیا وگرنہ ہندو اور مسلمان ایک ہزار سال سے باہم اکٹھے رہ رہے تھے۔ یہ اسلام اور مسلمانوں کیخلاف انتہا پسندانہ متعصب سوچ، تنگ نظری، بغض اور کینہ ہی تھا جس نے لاکھوں مسلمانوں کو اپنا گھر بار چھوڑ کر ارض پاک کی جانب ہجرت پر مجبور کیا اور انہوں نے لاکھوں جانوں اور عزتوں کی قربانیاں دیں۔ پاکستان تو بن گیا لیکن متعصب، جنونی اور تنگ نظر ہندوؤں کے سینے میں خنجر کی طرح پیوست ہو گیا۔ قیام پاکستان کے بعداب ان کے حوصلے اس حد تک بڑھ گئے ہیں کہ اسلام دشمنی میں بی جے پی کے اندھے اور پاگل رہنما پیارے نبیؐ اور ازدواج مطہرات کی شانِ اقدس میں گستاخی اور دریدہ دہنی پر اُتر آئے ہیں۔
ایک ٹی وی پروگرام میں بی جے پی کی ترجمان نورپور شرما اس شرمناک اقدام کی مرتکب ہوئی جبکہ نئی دہلی میں پارٹی کے میڈیا ہیڈ نوین جندال نے بھی گستاخانہ ٹویٹ کا ارتکاب کیا جس پر پورے بھارت اور پاکستان اور اسلامی ممالک میں سخت ردِعمل سامنے آیا اور مظاہرے ہوئے۔ بھارت میں احتجاج پر اُلٹا سینکڑوں مسلمانوں کو گرفتار اور ان کے خلاف مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔ اس گستاخی کا شدید ردِعمل عرب ممالک میں بھی دیکھنے میں آیا اور انہوں نے سوشل میڈیا پر انڈیا بائیکاٹ کی مہم شروع کر دی جبکہ سعودی عرب، ایران، قطر، کویت، بحرین، عمان، ملائیشیا، انڈونیشیا، ترکی اور دیگر اسلامی ممالک نے بھارتی حکومت سے سخت احتجاج کرتے ہوئے اس کے سفیروں کو احتجاجی مراسلے دیئے اور بھارت سے معافی کا مطالبہ کیا۔ عمان کے مفتی اعظم شیخ احمد بن حد الخلیلی نے کہا کہ بھارت میں انتہا پسند جماعت کے سرکاری ترجمان کی پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم ان کی پاکیزہ اطوار بیوی اُم المومنین حضرت عائشہؓ کی شانِ اقدس میں گستاخانہ اور فحش گالی ہر ایک کے خلاف جنگ ہے ۔ زمین کے مشرق اور مغرب میں مسلمان اور ایک ایسا معاملہ ہے جو تمام مسلمانوں کو ایک قوم کے طور پر اُٹھنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ خلیجی اور اسلامی ممالک میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم نے ہندو بنیے کی نیندیں اُڑا دیں اور انہوں نے گستاخی کے مرتکب دونوں افراد کی پارٹی رکنیت معطل کر دی۔ خلیجی ریاستوں میں بھارت کے خلاف اتنا شدید ردِعمل اس سے قبل دیکھنے میں نہیں آیا اپنی مصنوعات کی بائیکاٹ اور بھارتی شہریوں کو خلیجی ممالک سے نکالنے کی مہم نے بھارت میں تہلکہ مچا دیا ہے اور تمام سوشل میڈیا اسی ایشو پر تبصرے کر رہا ہے خاص طور پر غیر جانبدار ہندو اور غیر مسلم اس شرمناک اقدام کی شدید مذمت اور مسلمانوں کیخلاف مرحلہ وار منصوبہ بندی کے ساتھ چلائی جانے والی مہم کی جانب واضح اشارہ اور اس کے مضمرات اور نقصانات سے آگاہ کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی نے بھی اس کی مذمت کرتے ہوئے اس کے روک تھام اور تدارک کا مطالبہ کیا ہے۔ بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم پر باولا ہو کر بی جے پی کی طلبہ تنظیم کے رہنما ہرشیت سری واستو نے ٹی وی چینل پر زہر اگلا ہے۔ بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے والے عرب ممالک کے مقامات مقدسہ پر میزائل حملے کر دینے چاہئے کیونکہ یہ بھارتی میزائل اور بم صرف یوم جمہوریہ کی نمائش کے لئے نہیں بنائے۔ یاد رہے اس وقت تقریباً ایک کروڑ بھارتی خلیجی ریاستوں میں روزگار کے لئے مقیم ہیں اور بھارت اپنا 60 فیصد تیل انہی ممالک سے حاصل کرتا ہے اس کے باوجود مودی حکومت نے اُمت مسلمہ سے معافی مانگنے کی بجائے قطر ایئرویز پر پابندی کی مہم چلا دی ہے جوکہ امریکہ اور اسرائیل کی سرپرستی کے بغیر ممکن نہیں۔
پاکستان بھر میں اس کے خلاف شدید ردِعمل سامنے آرہا ہے اور آج ملک بھر میں پاکستان علما کونسل کی جانب سے جذبہ ایمانی سے یوم حرمت رسولؐ منایا جائے گا۔ علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ جس طرح ماضی میں اسلامو فوبیا کے معاملہ پر پاکستان کی متفقہ قرارداد اقوام متحدہ میں منظور ہوئی ہے اسی طرح توہین مقدسات کے حوالے سے بھی عالمی سطح پر قانون سازی کی جائے اور اقوام متحدہ سے اسے جرم قرار دینا وقت اور حالات کا تقاضا ہے۔ معروف عالم دین اور دانشور ڈاکٹر محمد راغب نعیمی نے بھی اس دریدہ دہنی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اُمت مسلمہ کی غیرت ایمانی کا مسئلہ ہے اور اس کے لئے وہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پاکستانی حکومت کو بھی بھارت کیخلاف سخت اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔ درگاہ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر پاکپتن شریف کے زیب سجادہ دیوان احمد مسعود چشتی نے کہا ہے کہ مسلمان حرمت رسولؐ پر مرمٹنا باعث اعزاز سمجھتے ہیں اور ان کی تاریخ اس امر کی گواہ ہے۔
درگاہ حضرت پیر سید مہر علی شاہ گولڑہ شریف کے سجادہ نشین پیر سید معین الحق گیلانی نے کہا کہ ان کے جدامجد اعلیٰ حضرت پیر سید مہر علی شاہ نے عقیدہ ختم نبوت کے لئے جو بے مثال قربانیاں دیں وہ تاریخ کا روشن باب ہیں اور آج بھی ان کا خانوادہ اور مریدین اور پیروکار حرمت رسولؐ کے لئے ہر آزمائش سے گزرنے کے لئے تیار ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف مذہبی امورونگ کے صدر و اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن سجادہ نشین سندر شریف پیر سیدمحمد حبیب عرفانی نے بی جے پی رہنمائوں کی طرف سے توہین رسالت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے یہ ناقابل برداشت ہے مودی حکومت پورے عالم اسلام سے معافی مانگے۔ انہوں نے کہا حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہر مسلمان کا ایمان ہے اور وہ اپنے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور اس کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے پاکستان میں مشائخ اور ان کے کروڑوں مریدین ہر وقت نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس پر جان قربان کرنے کو تیار ہیں بھارتی حکومت مسلم دشمنی سے باز آجائے اربوں مسلمانوں کی دل آزاری بھارت کے لیے تباہی لے کر آئے انہوں نے کہا بھارت سے تجارت کرنے والوں کی آنکھیں اب کھل جانی چاہیں بھارت سے کمرشل قونصلر واپس بلایا جائے بھارت سے تجارت قابل قبول نہیں ہے ۔
حافط پیر نقیب الرحمان ، سجادہ نشیں عید گاہ شریف راولپنڈی نے کہا کہ اسلام فوبیا کی روک تھام کے لیے حال ہی میں پاکستان کی مشترکہ کاوشوں سے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے 15 مارچ کو انسداد اسلام فوبیا کے طور پر منانے کی منظوری دی گئی تھی ۔ بھارتی جنتا پارٹی کے ترجمان کی جانب سے شان رسالت ؐ میں گستاخی سے دنیا بھر میں بسنے والے کرڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔ اب یہ وقت آگیا ہے کہ مسلم ممالک انڈیا کا معاشی اورسفارتی بائیکاٹ کریں۔ بھارت اس وقت ایک سو ارب ڈالر سے زیادہ مشرق وسطی سے مین پاور کے زریعے زرمبادلہ کما رہا ہے اور اتنے ہی ڈالر تجارت سے حاصل کر رہا ہے۔ خلیجی ممالک کو ان توہین آمیز الفاظ کا نوٹس لے کر بھارت کا معاشی بائیکاٹ کرنا چاہیے اس سے بھارت انتہا پسند ہندووں کا تکبر زمین بوس ہو جائے گا ۔
صاحبزادہ سید سمیع اللہ حسینی، انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ نے کہا کہ شان رسالت و عظمت ؐ کے دفاع میں سب کچھ قربان کرسکتے ہیں ہماری جان و مال،اولاد ہر چیز نبی محتشم پر قربان ہے ۔ حکیم سید محمود احمد سہارن پوری تحریک اصلاح نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے گستاخی اور مودی کی طرف سے مذمت کے انکار کے بعد تمام مسلمان ممالک انڈیا اور اسکی تمام مصنوعات کا بائیکاٹ کررہے ہیں ۔ مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے والے شیطان صفت جنونیوں کے خلاف انٹرنیشنل کورٹس آف جسٹس میں باقائدہ مقدمہ درج ہونا چاہئے ۔