بنگلہ دیش برادر ملک ، دو طرفہ تجارت کو فروغ دینگے ، وزیراعلٰی سندھ 

Jun 10, 2022

کراچی (نیوز رپورٹر) وزیراعلی مراد علی شاہ سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر راہول عالم صدیقی کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں وزیراعلی سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش ہمارا مسلم برادر ملک ہے، ہمیں دو طرفہ تجارت کو مزید بڑھانا چاہیے۔دوسری جانب بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ  نے کہا کہ سندھ حکومت اور اٹلی ایک دہائی کے زائد عرصے سے آثار قدیمہ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے شعبے پر کام کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اٹلی کی قونصل جنرل مسز ڈینیلو جیورڈینیلاکی جانب سے اٹلی کے یوم جمہوریہ کی مناسبت سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ استقبالیہ میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وزیراعلی سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ  اٹلی کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت بہت خوشی کی بات ہے،اٹلی اور پاکستان کے درمیان ہمیشہ سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور سماجی شعبوں میں خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اٹلی اور سندھ کی  قدیم تہذیب اور تاریخ پر فخر ہے ، صوبے میں اٹلی کافی عرصے سے آثار قدیمہ اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ کیلئے کام کر رہا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہاکہ  ہم صحت کے شعبے اور سماجی ترقی میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں اور اعلی تعلیم کے حصول کیلئے اٹلی ایک پسندیدہ ملک بن گیا ہے اسلئے کہ1200سے زائد پاکستانی طلبا اسٹڈی ویزا کیلئے اٹلی کا انتخاب کرتے ہیں جبکہ ہر سال یہ تعداد بڑہتی جارہی ہے۔ اوراٹلی کے پاس صنعتی مشینری کیلئے بہترین ٹیکنالوجی ہے  جبکہ اٹلی ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، زراعت، ڈیری، توانائی سمیت دیگر شعبوں کی مشینری کا ایک اہم سپلائر ہے۔  اٹلی کے سندھ میں بیشتر صنعتوں کے ساتھ قریبی اقتصادی و تجارتی تعلقات ہیں اور سندھ حکومت نے ہمیشہ اٹلی کے تعاون کی حمایت کی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اٹلی سے مارچ 2022 میں 85.916ملین ڈالر کی برآمدات کے نتیجے میں سالانہ درآمدات میں مارچ 2021 کے دوران 43.320 ملین ڈالر سے بڑھ کر 98.23  فیصد اضافہ ہوا ہے۔وزیراعلی سندھ نے اٹلی کو صوبائی حکومت کے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ مرحومہ بلقیس ایدھی اور ایدھی فانڈیشن کی کاوشوں کے اعتراف میں اٹلی کا دوسرا بڑا سویلین ایوارڈ دینے پر ہم دل سے مشکور ہیں ۔

مزیدخبریں