لاہور ( خصوصی نامہ نگار، سپیشل رپورٹر)پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام آج ملک بھر میں یوم عشق رسول و اہل بیت منایا جائیگا۔سنی تحریک کی قیادت نے کہا کہ توہین رسالت دنیا کی سب سے بڑی دہشتگردی ہے۔بھارت دنیا میں مذہبی اشتعال انگیزی پھیلاکر قتل و غارت گری کرنا چاہتا ہے۔بی جے پی مذہب کارڈ استعمال کرکے کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کا قتل عام کرنا چاہتا ہے۔ مرکزی رہنما محمد شاداب رضانقشبندی،محمدزاہد حبیب، ڈاکٹر حافظ شاہد حسین ، سردار محمدطاہر ڈوگر اور شریف الدین قذافی نے اعلان کیا کہ آج ملک بھر میں تمام مساجد،مدارس اور آستانوں سے یوم عشق رسول و اہل بیت کے عنوان سے خطبات جمعہ اور بڑے اجتماعات منعقد کئے جائیں گے۔دوسری جانب جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر آج بھارتی پارٹی بی جے پی کے ترجمان کی جانب سے گستاخانہ اور معتصبانہ بیان کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اورجلوس نکالے جائیں گے۔تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام ناموس رسالت مارچ آج ملک بھرمیں ہونگے۔انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر رمیض حسن راجہ نے اہلسنت جماعتوں کے قائدین اور انجمن طلبہ اسلام کے سابق صدور وسیکریڑیز سے ٹیلی فونگ رابطے کرکے انہیں بھارتی حکمران جماعت کی ترجمان کیخلاف ہونیوالے احتجاج میں عملی طور پر شامل ہونے کی دعوت پیش کی ہے تاکہ عوامی سطح پر ہونیوالے احتجاج کو کامیاب بنایا جاسکے۔
سنی تحریک کے زیر اہتمام آج ملک بھر میںیوم عشق رسولؐ منایا جائیگا
Jun 10, 2022