حکومت اجرتوں و پنشنوں میں مہنگائی کے مطابق اضافہ کرے:خورشیداحمد

لاہور (نیوز رپورٹر) ملک بھر میں آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیر اہتمام محکمہ بجلی واپڈا کے ہزاروں کارکنوں نے ریلیاں منعقد کرکے یوم مطالبات منایا گیا۔لاہور میں ہزاروں کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ محکمہ بجلی میں لائن سٹاف کی کمی کی وجہ سے انہیں دوہرا کام کرنے کے دوران حادثات سے محفوظ کرنے کیلئے بھرتی پر عائد پابندی ختم کی جائے۔ بجلی چوری روکنے اور واجبات کی وصولی کے دوران کارکنوں کو بجلی چور عناصر سے تحفظ فراہم کیا جائے۔ بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد جنرل سیکرٹری نے واضح کیا کہ محنت کشوں کی اجرتوں و پنشنوں میں حکومت آئندہ بجٹ میں مہنگائی کے مطابق اضافہ کرے۔ ریلی میں حاجی محمد یونس ،اسامہ طارق ،رانا عبدالشکور، حاجی لیاقت علی، ملک زاہد، لیاقت علی گجر، نوید عاشق ڈوگر، رانا شفیق ،مظفر متین ،حسن منیر بھٹی، نوشیر خان نے خطاب کیا۔ ریلی میں ایک قرارداد کے ذریعے مودی بھارتی حکومت کی اسلاموفوبیا کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور ترقی پسند اقوام سے اپیل کی کہ وہ کشمیر اور ہندوستان کے مسلمانوں پر ظلم و ستم بند کرائیں۔

ای پیپر دی نیشن