لاہور (کامرس رپورٹر)سیکرٹری صنعت وتجارت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے بھر میں پرائس کنٹرول کی سرگرمیوں اور گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ہدایت کی کہ گرانفروشی کی روک تھام کیلئے وضع کردہ لائحہ عمل پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، متعلقہ اداروں کے افسر عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے دفاتر سے نکل کر فیلڈ میں جائیں۔ اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے اور نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔ فرائض میں کوتاہی کے مرتکب افسروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ’’قیمت پنجاب ایپ‘‘ پر گرانفروشی کے خلاف شکایت کا بروقت ازالہ کیا جائے۔ ماڈل بازاروں میں صارفین کو خریداری کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ گرانفروشی کی روک تھام کیلئے مارکیٹوں میں طلب اور رسد پر نظر رکھی جائے۔ڈی جی انڈسٹریز اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
گرانفروشی، روک تھام کیلئے طلب و رسد پر نظر رکھی جائے،احمد جاوید قاضی
Jun 10, 2022