دوطرفہ تجارت، برطانیہ کا اعلیٰ سطح وفد جلد پاکستان آئے گا، کاشف اشفاق

Jun 10, 2022

لاہور(کامرس رپورٹر )چیئرمین یوکے پاکستان بزنس کونسل میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے برطانوی تجارتی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ انہوں نے یہ بات برٹش فرینڈشپ کونسل نارتھ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جس نے صدر محمد ارباب خان کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اتفاق سے ملکہ الزبتھ کی تاج پوشی کی 75 ویں سالگرہ، پاکستان کی آزادی کی پلاٹینم جوبلی تقریبات اور پاکستان برطانیہ کے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ ایک ساتھ منائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوطرفہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے ان تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان مختلف شعبوں خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کا تجارتی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ اس موقع پر وفد کے قائد محمد ارباب خان نے پاکستانی درآمد کنندگان، برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کو نئے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اور مشترکہ منصوبوں کی تلاش کیلئے برطانیہ آنے کی دعوت دیتے ہوئے ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔ بعد ازاں یوکے پاکستان بزنس کونسل نے ملکہ کی سالگرہ تقریب کا کیک بھی کاٹا جس میں شہریار خان، محمد عمر خان، محمد اعظم خان، اسفند یار خان اور آفاق شوکت نے بھی شرکت کی۔

مزیدخبریں