یونیورسل سروس فنڈ:33 لاکھ افراد کیلئے 10 ارب کے8 منصوبے منظور

  اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشنز کے ماتحت ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے براڈ بینڈ سروسز اور آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے 8 مختلف منصوبے منظور کرلیئے جس پر مجموعی لاگت 10 ارب روپے سے زائد جبکہ اس سے چاروں صوبوں کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے 33 لاکھ سے زائد افراد کو تیز ترین کنکٹیویٹی میسر آئے گی ان تمام منصوبوں کی تکمیل 16 ماہ میں کرلی جائے گی۔ سیکریٹری آئی ٹی و چیئرمین یو ایس ایف بورڈ محسن مشتاق چاندنہ کی زیر صدارت 82 ویں بورڈ اجلاس میں یو ایس ایف کے آئندہ مالی سال کے 32 ارب روپے سے زائد کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ عامر عظیم باجوہ، ممبر ٹیلی کام عمر ملک، عمران اختر شاہ، کوکب اقبال و دیگر حکام نے شرکت کی، جبکہ یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حارث محمود چوہدری نے اجلاس کو منصوبوں اور ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس حوالے سے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشنز سید امین الحق نے یو ایس ایف ٹیم اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جولائی 2018 سے جون 2022 تک یو ایس ایف نے 62 ارب روپے کی لاگت سے ریکارڈ 57 منصوبوں کا اجرا کیا ہے جو اس کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈیجیٹل کنکٹیویٹی کیلئے مالی سال  2021 کے 18 ارب کے بجٹ کو مالی سال 2022-23 میں بڑھا کر 31 ارب روپے کردیا گیا جس سے پسماندہ علاقوں میں کنکٹیویٹی سے آئی سی ٹی سرگرمیوں میں اضافہ اورملکی معیشت کو استحکام ملے گا، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ شہری و دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل تفریق کا خاتمہ کیا جائے، اس مقصد کیلئے یو ایس ایف کے تحت ملک کے چاروں صوبوں کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں منصوبوں کا اجرا کیا گیا۔
 یونیورسل سروس فنڈ

ای پیپر دی نیشن