شان رسالت میں گستاخی پر حکومتی خاموشی قابل افسوس ہے:شاہ محمود قریشی 

Jun 10, 2022

ملتان(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ہندوستان کی بی جے پی سرکار کے ترجمان کی جانب سے سرکار دو عالمؐ کی شان میں گستاخی پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے کل اپنے نیشنل کونسل کے اجلاس میں بھارتی جنتا پارٹی کے دو ملعون رہنماؤں کی جانب سے نبی کریمؐکی شان میں گستاخی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے، حکومت وقت کی پر اسرار اور مصلحت انگیز خاموشی کو انتہائی قابلِ افسوس قرار دیا ہے۔ بی جے پی سرکار کے دو انتہائی اہم عہدیداروں ملعون نوپور شرما اور ملعون نوین کمار کی جانب سے شانِ رسولؐ میں گستاخی کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید اضطراب اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔بھارت کی ہندتوا سرکار نے سیکولر ہندوستان کے نظریے کو دفن کر دیا ہے، آج سرورکونین ؐکی شان میں گستاخی کے خلاف پوری دنیا کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں، انہوں نے کہا شان رسولؐ میں گستاخی کے خلاف آج مشرق وسطیٰ، سعودی عرب، قطر، کویت، یو اے ای، ایران اور عمان سمیت کئی مسلم ممالک میں بھارتی سفیروں کو طلب کرکے بی جی پی کے عہدیداروں کے بیان کی مذمت کی جا رہی ہے اور بھارت سرکار سے وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔اور بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ آج دنیا بھر کے مسلمان، تحفظ ناموسرسالت کے حوالے سے عمران خان کی طرف سے عالمی فورمز پر بیان کردہ دو ٹوک موقف کو یاد کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی  

مزیدخبریں