خالد مقبول کی ملاقات، کراچی کی بہتری کیلئے سیاسی جماعتیں کردار ادا کریں : شجاعت 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی ملاقات کےلئے چوہدری شجاعت حسین کے گھر پہنچ گئے۔ ایم کیو ایم کنوینر نے لاہور میں حکومتی اتحادی جماعت ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ خالد مقبول صدیقی اور ایم کیو ایم وفد کے ارکان نے ق لیگی قائد کی خیریت بھی دریافت کی۔ ذرائع کے مطابق دوران ملاقات ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا ق لیگ سے 35 سال سے زیادہ کا تعلق ہے، جو آج بھی قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر مسائل کو حل کرنے کے لیے کوشاں رہے ہیں۔ ق لیگی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ کراچی پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، کراچی کی بہتری کےلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

شجاعت ملاقات 

ای پیپر دی نیشن