لاہور (خبرنگار+ لیڈی رپورٹر) ملازمین نے بجٹ مالی سال 2023-24ءمیں سرکاری اور ریٹائرڈ ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں مناسب اضافہ قرار دے دیا۔ بعض ملازمین نے بجٹ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ایک سال میں تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کی شرح کے مطابق اضافہ ہونا چاہیے تھا۔ سرکاری ملازمین کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد تک، پنشن میں ساڑھے 17 فیصد اضافے جبکہ کم از کم تنخواہ 32 ہزار روپے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ جس پر مختلف ملازمین کی تنظیموں نے ملا جلا رد عمل دیا۔ سی بی اے ایم سی ایل کے صدر گل نواز خان سواتی نے کہا کہ اگر تو تنخواہوں میں اضافہ موجودہ تنخواہ کے ساتھ ہوا ہے تو بہت اچھا بجٹ ہے اور اگر ابتدائی تنخواہوں پر اضافہ کیا گیا ہے تو پھر ملازمین کو کوئی فائدہ نہ ہوگا۔ چیئرمین عنصر ڈوگر کا کہنا تھا موجودہ ملکی صورت حال کو دیکھتے ہوئے حکومت کی طرف سے تنخواہوں میں بہت مناسب اضافہ کیا گیا ہے۔ جنرل سیکرٹری احمد رضا کا کہنا تھا گزشتہ ایک سال میں جس تیزی سے مہنگائی میں جس شرح سے اضافہ ہوا ہے بجٹ میں بھی اضافہ اسی شرح سے ہونا چاہیے تھے۔ اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے کے سابق صدر صابر حسین صدیقی اور موجودہ صدر یوسف عباسی نے کہا پنشنرز اور ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ خوش آئند ہے جو ملازمین کو اخراجات پورے کرنے میں کافی حد تک مددگار ثابت ہوگا۔ پنجاب ٹیچرز یونین اور آگیگا پاکستان کے مرکزی صدر چوہدری سرفراز، رانا لیاقت، سعید نامدار، رانا انوار، نادیہ جمشید، ملک مستنصر باللہ اعوان، آغا سلامت، چوہدری محمد علی، میاں ارشد، رانا الیاس، چوہدری عباس، طارق زیدی، مرزا طارق، رانا خالد، طاہر اسلام، غفار اعوان، نذیر گجر، اختر بیگ ودیگر نے کہا ہے کہ بجٹ اساتذہ و ملازمین کے لئے مایوس کن ہے، حکومتی اعدادوشمار کے مطابق رواں سال میں مہنگائی میں 40 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اشیاء ضروریات زندگی کی قیمتوں میں اضافہ 100 فیصد سے بھی زیادہ ہوچکا ہے لیکن تنخواہوں میں گریڈ 1-16 کو 35 اور گریڈ 17-22 کو 30 فیصد اور پینشن میں 17.5فیصد اضافہ آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ تنخواہوں اور پنشن میں یہ اضافہ ملازمین کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ میڈیکل، کنوینس الاو¿نس، ہاو¿س رینٹ میں اضافہ نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
ملازمین ردعمل
تنخواہوں، پنشن میں اضافہ مناسب، مہنگائی کے مطابق ہونا چاہئے: ملازمین
Jun 10, 2023