کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی  کیلئے 5 ارب کے 22منصوبے


اسلام آباد (خبرنگار)وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلے 5 ارب روپے کی لاگت سے 22 میگا پراجیکٹس کے قیام کی منظوری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پرائم منسٹرز انیشیٹو فار دی پروموشن آف سپورٹس کے تحت سندھ کے لیے نو، پنجاب کے لیے چار، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے لیے تین، تین ، گلگت بلتستان کے لیے دو اور آزاد جموں و کشمیر کے لیے ایک منصوبے شامل کیے جائیں گے۔پنجاب میں ملتان، راجن پور، مظفر گڑھ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دو، دو سو ملین روپے کے منصوبے ہوں گے، جبکہ سندھ میں ٹنڈو محمد خان اور مٹیاری کمپلیکس پر 260 ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ کشمور، لاڑکانہ، نواب شاہ، خیرپور، میرپور خاص اور قمبر شہدادکوٹ میں سپورٹس کمپلیکس اور جمنازیم کے دیگر تمام منصوبوں پر 200 ملین روپے لاگت آئے گی۔اسی طرح ڈیرہ بگٹی ، لسبیلہ میں ،ڈیرہ مراد جمالی ، راولاکوٹ ، سکردو اور گلگت میں ملٹی پرپز سپورٹس جمنازیم تین سالوں میں تعمیر کے جاینگے۔ وزیر اعظم کھیلوں کی سہولیات کو ملک کے کونے کونے میں پھیلانا چاہتے ہیں جبکہ مجوزہ 22 میگا پراجیکٹس ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لیے اب تک کے سب سے بڑے منصوبے ہیں۔
کھیل

ای پیپر دی نیشن