ریلیف دینے کی کوشش کی، آنے والی حکومت نیا بجٹ لا سکتی ہے: وزراء

اسلام آباد (نامہ نگار+ خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ محدود وسائل میں زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی گئی۔ تمام طبقات کو مدنظر رکھ کر بجٹ بنایا گیا۔ تنخواہ دار طبقے اور مڈل کلاس کو ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے مشکل حالات ہونے کے باوجود کوشش کی جا رہی ہے ریلیف فراہم کر سکیں۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ خود روکا ہوا ہے۔ پارلیمنٹ میں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں حالیہ بجٹ کو ہر ممکنہ طور پر عوام دوست رکھنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عوام دوست بجٹ بنانے کیلئے بہت سارے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ عمران حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا عوام دیکھیں گے کہ گذشتہ چار سالہ بدحالی کا سفر کیسے معاشی استحکام اور ترقی میں تبدیل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے بجٹ میں ہم نے جو سمت ترتیب دیدی تھی، ایک فتنے نے اس پر بھی حملے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عوامی ریلیف اور سرکاری ملازمین کے لئے خوشخبری کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لئے آئی ٹی شعبے، زراعت، بزنس مین، ایکسپورٹ اور فوڈ سکیورٹی کے شعبے میں بڑا ریلیف ملے گا۔ 2013 میں جس طرح معیشت کو سیدھے راستے پر ڈالا تھا اسی سمت کے تعین کی کوشش ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فائیو۔ای فریم ورک پاکستان میں معاشی ترقی کا گیم چینجر ثابت ہوگا، ایکسپورٹس، ای پاکستان، واٹر اینڈ فوڈ سکیورٹی، انوائرمنٹ، انرجی اور ایکویٹی ٹرن اراﺅنڈ پاکستان کے ستون ہیں۔ اس فریم ورک کے ذریعے برآمدات میں اضافے کے لئے نئے کاروباروں اور روزگار کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ تعلیم، صحت کے فروغ اور آبادی پر کنٹرول سے پاکستان کی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سستی اور بلا تعطل توانائی کی فراہمی سے معیشت و کاروبار میں نئی تیزی آئے گی۔ جی ڈی پی کے لحاظ سے فسکل خسارے کا 4.9 فیصد سے کم ہو کر 4.6 فیصد پر آنا بڑی کامیابی ہے۔ یہ حکومت کی درست معاشی پالیسی کا مثبت نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں 76 فیصد کمی درست معاشی پالیسی کی علامت ہے۔ تجارتی خسارے میں 40.4 فیصد کمی معاشی اقدامات کی درستگی کو ظاہر کرتی ہے۔ 1.15 ٹریلین روپے کا وفاقی ترقیاتی بجٹ مختص ہونے سے ملک میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی اور روزگار بڑھے گا۔

ای پیپر دی نیشن