لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن نے پانچ ملکی انٹرنیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ کیلئے قومی باسکٹ بال ٹیم کا اعلان کر دیا، آرمی کے محمد شہباز علی انٹرنیشنل مقابلوں میں گرین شرٹس کی قیادت کرینگے۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل خالد بشیر کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ سے رواں سال الحاق کے بعد قومی باسکٹ بال ٹیم پہلے انٹرنیشنل باسکٹ بال مقابلوں میں شرکت کرےگی ۔جس کا مقصد آئندہ سال منعقد ہونیوالی ساوتھ ایشین گیمز کی تیاریاں ہے۔ طویل عرصے کے بعد پاکستان باسکٹ بال ٹیم کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کیلئے جا رہی ہے ، ایونٹ میں شرکت کا مقصد کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرناہے تاکہ انہیں تجربہ مل سکے۔ انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت سے کھلاڑیوں کو تجربہ حاصل ہوگا جبکہ فیڈریشن کا ٹارگٹ آئندہ سال منعقد ہونیوالی ساوتھ ایشین گیمز میں پاکستان کیلئے میڈل جیتنا ہے۔ 15جون سے 22جون تک مالدیپ میں کھیلی جانیوالی پانچ ملکی انٹرنیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستان، مالدیپ ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دینگی۔ ایونٹ میں قومی باسکٹ بال ٹیم کی قیادت محمد شہباز علی کرینگے جبکہ سکواڈ میں عبد الوہاب ، محمد عمیر جان، زین الحسن خان، محمد شاہد، عماد احمد، ضیا الرحمن، ثاقب اللہ محسود، مہتاب اکرم اور شیراز اسلم شامل ہیں ۔ ٹیم آفیشلز میں ملک محمد ریاض (ہیڈ کوچ) ، عمر محمود(کوچ) اور احمد علی ٹیپو (ٹیم منیجر) شامل ہیں۔