اسرائیل ، عرب مضافاتی علاقے میں فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک

Jun 10, 2023

تل ابیب(این این آئی)اسرائیل کے شمالی شہر الناصِر کے مضافاتی علاقے میں جمعرات کو فائرنگ کے ایک واقعے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیل کی میگن ڈیوڈ ادوم ایمرجنسی سروسز کے سینیر ڈاکٹر عاطف سلیم نے بتایا کہ ہم بڑی تعداد میں فورسز کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور دیکھا کہ یہ ایک اندوہ ناک منظر تھا۔پانچ زخمی بے ہوش پڑے تھے اور ان کے اجسام پر شدید چوٹیں آئی تھیں۔طبی عملہ نے بتایا کہ پانچوں افراد کو ابتدائی طبی امداد مہیا کی گئی اور انھیں تشویش ناک حالت میں اسپتال بھیج دیا گیا، جہاں بعد میں ان کی موت واقع ہو گئی ہے۔اسرائیلی پولیس نے علاقے میں بڑی تعداد میں نفری روانہ کردی ہے اور فائرنگ کے واقعے میں ملوث مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے بعد ایک کار میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق یہ واقعہ الناصِر کے ایک اور مضافاتی علاقے میں فائرنگ کے واقعے کے چند گھنٹے کے بعد پیش آیا ہے۔اس میں ایک 3 سالہ بچی اور 30 سالہ شخص شدید زخمی ہوگئے تھے۔اسرائیل میں عرب برادریوں میں بڑھتے ہوئے تشدد پر نظر رکھنے والی تنظیم ابراہام انیشی ایٹوز(ابراہیم اقدام) کے مطابق 2023 میں مجرمانہ تشدد کےواقعات میں 97 عرب ہلاک ہو چکے ہیں ۔ ان میں سے 86 کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا اور 42 کی عمر 30 سال سے کم تھی۔

مزیدخبریں