لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتیں اندرونی خلفشار کو ہوا دے رہی ہیں۔ بھارت کشمیریوں کا قتل عام کرکے کھلم کھلا درندگی کا مظاہرہ کررہا ہے۔ حکومت نعروں کی بجائے آزادی کیلئے عملی اقدامات کرے۔ یہ بات انہوں نے جامعہ القدس چوک دالگراں میں خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ اسلام اور ملک دشمن قوتیں اندرونی طور پر خلفشار میں مبتلا کرکے کمزور کرنے کی کوشش میں ہیں۔ ہمیں پاکستان کی سا لمیت اور استحکام کیلئے مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے اور کشمیر میں ظلم وبربریت کی انتہا کردی ہے اور مسلسل کشمیریوں کا قتل عام کرکے درندگی کا مظاہرہ کررہا ہے۔ ساری دنیا کے انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار اب کیوں خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور ہمارے حکمران بھی دعوں کے علاوہ کچھ بھی عملی اقدامات نہیں کررہے۔ یہ مجرمانہ غفلت آزادی کشمیر میں بہت بڑی قربانیوں کو فراموش کرنے کے مترادف ہے۔ کشمیریوں کی تیسری نسل الحاق پاکستان کیلئے قربانیاں دے رہی ہے ہم انکی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
دعاءگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ کشمیر بھائیوں کو ظالم بھارت سے جلد آزادی نصیب فرمائے ۔