لاہور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ)نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں سانحہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ، پراسیکیوشن کے عمل پر پیش رفت کابھی غور کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 9مئی کے واقعات میں ملوث مزید1163شرپسندوں کا ڈیٹا بیس مل گیا ہے اور سائنٹیفک انداز سے1163شرپسندوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے مفرور شرپسندوں کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام ضروری وسائل بروئے کار لاکرمفرور شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور آخری شرپسند کی گرفتاری تک ان کا تعاقب جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی شرپسند سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔شرپسندوں اورانہیں اکسانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ پراسیکیوشن کو مزید موثر انداز میں آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کسی گناہ گار کو چھوڑنا نہیں اور بے گناہ کو پکڑنا نہیں۔ علاوہ ازیں ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ پربیسک ایلیٹ کمبیٹ کورس 24 کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔ 39 خواتین اور 542 مرد پولیس اہلکاروں نے بیسک ایلیٹ کمبیٹ کورس 24 کامیابی سے مکمل کیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مارشل آرٹس، فائرنگ تکنیکس، انسداد دہشت گردی کے آپریشن اور دیگر مہارتوں کا عملی مظاہرہ دیکھا اور پولیس جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ محسن نقوی نے پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب میں کہا کہ پاس آﺅٹ ہونے والے مرد و خواتین پولیس اہلکاروں کو مبارکباد دیتا ہوں اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔مستقبل آپ جیسے جوانو ںکا ہے،محنت سے فرائض سرانجام دیں اور بہادری کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کریں۔4 ماہ میں پولیس کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب حکومت پولیس سے متعلقہ دیگر ایشوز بھی ترجیحی بنیادو ںپر حل کرے گی۔محسن نقوی نے ایلیٹ پولیس فورس کیلئے الاﺅنس 10 ہزار روپے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پولیس فورس کے الاﺅنس میں اضافے کی منظوری دی جائے گی۔ سپیشل برانچ کیلئے سروس سٹرکچر بنایا جائے گا۔ راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔ تینوں شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس تقریباً 100 ارب روپے میں بننے تھے لیکن ہم یہ پراجیکٹس 5 ارب روپے میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔