بھارت کی طرف بڑھنے والا سمندری طوفان بائپرجوائے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید شدت اختیار کر جائے گا۔بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ممبئی سے صرف 620 کلومیٹر کی دوری پر ہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ طوفان کے زیر اثر آئندہ چند گھنٹوں میں بارش ہوسکتی ہے۔حکام کے مطابق کیرالہ میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بہار، مغربی بنگال، اڑیسہ ،جھار کھنڈ، اتر پردیش آئندہ چند روز تک شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ جنوب مشرق بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان بائپرجوائے نے رخ تبدیل کرلیا جو اب شمال اور شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اس ٹریک میں بھارت سمیت پاکستان کے ساحلی علاقے بھی آتے ہیں، آئندہ دو روز طوفان شمال اور شمال مشرق کے ٹریک پر رہے گا۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ ٹھٹھہ نے بھی ہائی الرٹ جاری کردیا، ماہی گیروں کوسمندر میں شکارپرجانےسے روک دیا گیا جبکہ سمندرمیں شکار کےلئے جانیوالی لانچوں کو واپس آنے کی ہدایات جاری کردیں۔