مویشی منڈیاں قائم کر دیں، بہترین سہولتوں کیلئے کوشاں ہیں: ذیشان رفیق

Jun 10, 2024

سیالکوٹ+ سمبڑیال (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں عارضی مویشی منڈیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت ان منڈیوں میں خرید و فروخت کیلئے آنے والوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ جانوروں کو بھی موسمی اثرات اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین کے ہمراہ ڈسکہ، سمبڑیال اور سیالکوٹ میں گولو پھالہ اگوکی روڈ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ ایم پی اے رانا عبدالستار، اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا وزیر اعلیٰ مریم نواز کی واضع ہدایات ہیں عارضی مویشی منڈیوں میں کسی قسم کی پرچی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ مویشی منڈی سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سٹیٹ بنک کے تعاون سے لین دین کیلئے راست اکائونٹ اور ایزی پیسہ کے ذریعے لین دین کیلئے کائونٹرز قائم کئے گئے ہیں جس کا مقصد ٹرانزیکشنز کو محفوظ بنانا ہے۔ منڈیوں میں قائم سیل پوائنٹس پر سائبان، پینے کے صاف پانی، انتظار گاہ اور صفائی کے خصوصی انتظامات کے ساتھ ساتھ محکمہ لائیو و ڈیری ڈویلپمنٹ کے ویٹرنری میڈیکل کیمپ اور ایمرجینسی ریسکیو سٹیشنز بھی قائم کردیئے گئے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں میں پارکنگ کا منظم سسٹم بنایا جائے اور پارکنگ روڈ سے فاصلے پر ہو، پبلک واش رومز کی سہولت فراہم کی جائے، نیز بیک اپ جنریٹر کا انتظام ہونا چاہئے۔

مزیدخبریں