موبائل سنیچرز ‘ موٹر سائیکل چوروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا حکم  

لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کی کارکردگی سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا جس میں کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں نشے کے عادی افراد کی بحالی اور انسداد منشیات کے حوالے سے ایکشن پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے منشیات فروشوں کیخلاف جاری کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے موبائل سنیچرز اور موٹر سائیکل چوروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کرائم کنٹرول کیلئے سفید پارچات میں ڈیکائے آپریشنز کئے جائیں۔انہوں نے جرائم کی روک تھام کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے بھرپوراستفادہ کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران پروفیشنل پولیسنگ پر فوکس کریں اورٹیم ورک، جوائنٹ پلاننگ کے تحت مشترکہ آپریشنزسے جرائم کے خاتمہ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے پولیس یونٹس کی آپس میں انفارمیشن شیئرنگ اور بہترین کوارڈنیشن قائم رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیااورکہا کہ ورچوئل وویمن پولیس سٹیشن میں خواتین کودرپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔ افسران و اہلکاران مظلوم کو انصاف کی فراہمی کیلئے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور محکمے کی امیج بلڈنگ میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

ای پیپر دی نیشن