گوجرانوالہ:نوشہرہ روڈپر 120 بیڈز کے ہسپتال کی سمری وزیر اعلی کو بھجوادی گئی 

 گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)صغیر شہید پارک نوشہرہ روڈ سے ملحقہ 35کنال سرکاری اراضی پر 120 بیڈز کا سرکاری ہسپتال بنانے کیلئے سمری تیار کرکے وزیر اعلی پنجاب کو بھجوادی گئی ہے ، ہسپتال کیلئے فنڈز موجودہ مالی سال کے صوبائی بجٹ میں رکھے جائیں گے اور اس پر ایک سال کے اندر کام مکمل ہوجائیگا ، اس منصوبے پر 73کروڑ روپے لاگت آئے گی جس میں تین کروڑ روپے سے چار دیواری بنائی جائے گی جبکہ 70 کروڑ روپے ہسپتال کی بلڈنگ اور مشینری کی خریداری پر صرف ہوں گے ، مسلم لیگ ن کے ایم این اے شاہد عثمان ابراہیم نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے مسلم لیگ ن کے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ایک ارب روپے مالیت کی ترقیاتی اسکیمیں طلب کی ہیں تاکہ انہیں رواں ماہ پیش ہونے والے صوبائی بجٹ میں منظور کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون شہر کے لوگوں کا سب سے بڑا مسئلہ سرکاری ہسپتال تک فوری رسائی نہ ملنا ہے کیونکہ انہیں علاج معالجہ کیلئے سول لائن یا گوندلانوالہ جانا پڑتا ہے اس لئے انہوں نے ایک ارب روپے گلیوں نالیوں پر خرچ کرنے کی بجائے ٹی ایچ کیو لیول کا سرکاری ہسپتال بنانے کوترجیح دی۔ اس ہسپتال میں آئوٹ ڈور وارڈ اورایمرجنسی سمیت تمام سہولیات میسر ہوں گی اور اندرون شہرکے لوگ صحت کی ان سہولیات سے بھرپور استفادہ کرسکیں گے۔  

ای پیپر دی نیشن