حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت)ضلعی انتظامیہ، ریسکیو1122 اور دیگر محکموں کی جانب سے دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے قادر آباد بیراج کے مقام پر فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو امتیاز علی بیگ، کیپٹن محمد اقبال ڈسٹرکٹ آفسر ریسکیو1122 محمد عدنان نواز سمیت ضلعی انتظامیہ کے محکموں ہیلتھ ،ریسکیو1122، سول ڈیفنس، لائیو سٹاک، پی ڈی ایم اے اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف محکموں کی جانب سے خصوصی کیمپ بھی لگائے گئے، جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور دیگر افسران نے ان کی جانب سے کیے جانے والے پیشگی انتظامات، ضروری مشینری آلات اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر امتیاز علی بیگ کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کی جانب سے کسی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے انتظامات تسلی بخش ہیں۔ فرضی مشقوں کے دوران تمام محکموں کے افسران اور ملازمین نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو 1122 محمد عدنان نواز کا کہنا تھا کہ ان فرضی مشقوں میں تمام محکموں کی مشترکہ کاوشوں، حفاظتی انتظامات اور تیاریو ں کا جائزہ لینا ہے۔ فرضی مشقوں کے دوران ریسکیو1122کے اہلکاروں نے پانی میں ڈوبنے والے افراد کو بچانے ، طبی امداد فراہم کرنے کی مشقیں بھی کیں جبکہ کشتیوں میں سوار ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے مہمانوں کو اپنے روایتی انداز میں اسلامی پیش کی ۔
حافظ آباد: مختلف محکموں کی جانب سے ممکنہ سیلاب کے پیش نظرمشقیں
Jun 10, 2024