لاہور( این این آئی)محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور کی شاہراہوں اور گلی کوچوں میں قربانی کے جانور فروخت کرنے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی لگا دی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لاہور میں قربانی کے جانور فروخت کرنے کیلئے مختص کی گئی 8 مویشی منڈیوں کے علاوہ کسی بھی مقام پر قربانی کے جانور فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قربانی کے جانور صرف مختص کی گئی 8 مویشی منڈیوں میں فروخت ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ فوری طور پر ہو چکا ہے جو 20 جون تک نافذ رہے گا۔ دفعہ 144 کا نفاذ امن و امان کے قیام اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا۔ یاد رہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے عوامی مفاد میں دفعہ 144 کے نفاذ کی سفارش کی تھی۔ حکومت پنجاب کی جانب سے لاہور میں قائم کی گئی 8 مویشی منڈیوں میں شاہ پور کانجراں، ایل ڈی اے سٹی ڈیفنس روڈ، برکی روڈ پیراگون، سگیاں روڈ، سپورٹس کمپلیکس اڈا رکھ، این ایف سی ملتان روڈ، رائیونڈ سندر روڈ اور نیو کنگ لین سوسائٹی کی مویشی منڈیاں شامل ہیں۔جنہیں اس پابندی سے استثنا دیا گیا ہے۔