فلسطین کی آزادی سے ہی دنیا میں امن قائم ہو سکتا ہے:عبد الغفار روپڑی 

Jun 10, 2024

لاہور( خصوصی نامہ نگار ) فلسطین کی آزادی سے ہی دنیا میں امن قائم ہو سکتا ہے۔ امریکہ اسرائیل کی پشت پناہی کرکے ظلم وبربریت کو ہوا دینے کی کوشش نہ کرے۔ مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام روکا جائے۔ یہ بات جماعت اہلحدیث کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے لاہور سرگودھا میانوالی میں مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا حافظ عبد الوحید شاہد اور قاری محمد فیاض اور دیگر علمائے کرام بھی موجود تھے کہا کہ فلسطین میں ظلم وبربریت کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ عالمی انصاف کی باتیں کرنیوالوں کی زبانوں کو تالے لگ چکے ہیں۔ انسانی حقوق کی کھلے عام پامالی اور ان کو نیست ونابود کرکے غزہ پر صیہونی تسلط قائم کرنے کی ناپاک کوشش کی جا رہی ہے جسے ہم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ غزہ میں بچوں بزرگوں اور خواتین کی لاشوں کے انبار لگا جا رہے ہیں جو انسانیت کی توہین ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ فلسطین پر قبضہ کرنے اور یہودی آباد کاری کا خواب جلد چکنا چور ہو جائے گا۔ انہوں نے پوری دنیا کے حکمرانوں اسرائیل کا پشت پناہ اقوام متحدہ اور اس آئی سی کو کہا ہے کہ اس ظلم کو روکا جائے۔ مسلم حکمرانوں کو غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی مدد کرنے کیلئے میدان عمل میں آکر اپنے غیرت مند ہونے کا ثبوت دینا چاہیے۔ انسانیت دم توڑ رہی ہے اور تم اپنے محلوں میں خواب غفلت کی نیند سو رہے ہو اگر تم بیدار نہ ہوے تو یہ تمہیں بھی جلا کر رکھ دے گی۔

مزیدخبریں