حکومت مہنگائی میں کمی کے دعوے کر رہی ہے: چوہدری سرفراز 

لاہور(لیڈی رپورٹر) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پاکستان وپنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر چوہدری سرفراز، رانا لیاقت، سعید نامدار، رانا انوار، نادیہ جمشید، ملک مستنصر باللہ اعوان، مصطفی سندھو ،آغا سلامت، چوہدری محمد علی، میاں ارشد، رانا الیاس، ظفر جمال ، منیر انجم ، اصغر ڈوگر ،چوہدری عباس، طارق زیدی، مرزا طارق، رانا خالد، طاہر اسلام، غفار اعوان، اسلم گھمن، اختر بیگ، مصطفی وٹو، مہر بلال ودیگر نے کہا مہنگائی کا سورج سوا نیزے پر ہے لیکن حکومت مہنگائی میں کمی کے دعوے کر رہی ہے۔آنیوالے وفاقی بجٹ میں وسائل میں کمی کا رونا رو کر ملازمین کو طفل تسلیاں دی جا رہی ہیں۔ الیکشن سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملازمین کی لیو انکیشمنٹ کے نوٹیفکیشن کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا وعدہ کیا تھا اقتدار ملنے کے بعد وہ اپنے وعدے کی پاسداری کرنے سے قاصر نظر آ رہی ہیں۔ خیبرپی کے کے بجٹ میں 350 نئے سرکاری سکول کرائے کی عمارتوں میں کھولے اور نئے اساتذہ بھرتی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ پنجاب حکومت نئے تعلیمی ادارے کھولنے کی بجائے پہلے سے قائم تعلیمی اداروں کو ٹھیکے پر دینے جا رہی ہے جو تعلیم دشمن اقدام ہے ۔لہذا حکومت سرکاری ملازمین و پینشنرز کی پیشن اور تنخواہوں و الاونسز میں 100 فیصد اضافہ کرے ، لیو انکیشمنٹ کا ظالمانہ نوٹیفکیشن حسب وعدہ ڈی نوٹیفائی کیا جائے اور 13 ہزار تعلیمی اداروں کی پیف کو حوالگی فی الفور ختم کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن