گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) فیکٹری کے زہریلے دھویں سے بچی کی مبینہ ہلاکت پر ورثاء اور اہل علاقہ نے نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔ جی ٹی روڈ بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لائنیں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق غلام محمد ٹائون میں ڈیڑھ سالہ بچی حرم جاں بحق ہو گئی جس پر اس کے ورثاء اور اہل علاقہ نے بچی کی نعش سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کیا جبکہ احتجاج کے باعث جی ٹی روڈ بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لائنیں لگ گئیں۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ بچی کی ہلاکت ان کے علاقہ میں واقع فیکٹری کے زہریلے دھویں کے باعث ہو ئی ہے۔ اب تک دو ماہ کے دوران زہریلے دھویں سے ایک ہی خاندان کے چار بچے ابراہیم، عبدالہادی، رمضان اور حرم جاں بحق ہو چکے ہیں۔ مظاہرین نے مزید الزام لگایا کہ متعلقہ محکمہ کے اہلکار ہر ماہ فیکٹری مالکان سے باقاعدگی سے منتھلیاں وصول کر رہے ہیں۔ اسی وجہ سے انسانی جانوں سے کھیلنے والے فیکٹری مالکان کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔