ننکانہ ‘حسن ابدال( نامہ نگار‘نمائندہ نوائے وقت ) گورو ارجن دیو جی کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے 800 سے زائد یاتری گوردوار ہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچ گئے۔تین روزہ شہیدی جوڑ میلہ کی تقریبات میں مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی۔تقریبات کے موقع پر سخت ترین سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سکھ مذہب کے پانچویں گورو ارجن دیو جی کی برسی کی تقریبات جنہیں شہیدی جوڑ میلہ بھی کہا جاتا ہے گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں شروع ہو گئی ہیں۔تین روزہ تقریبات میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے یاتری حسن ابدال پہنچ چکے ہیں۔گذشتہ رات 800کے قریب بھارت سے آنے والے یاتریوں کو خصوصی بسوں میں سخت ترین سیکورٹی کے حصار میں گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچایا گیا جہاں ان کا استقبال اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال عارف قریشی کی جانب سے دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ کیا گیا۔یاتریوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے ۔