لاہور +کراچی(خصوصی نامہ نگار+کامرس رپورٹر) گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان/ خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی ملاقات ہوئی جس میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری، پیغام پاکستان کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے گورنر سند ھ محمد کامران ٹیسوری کی خدمت انسانیت کے عظیم کام کو سرہاتے ہوئے کہاکہ گورنر سندھ نے عوام الناس کیلئے گورنر ہاؤس کے دروازوں کو کھولا ہے اور گورنر ہاؤس میں جس طر ح غرباء ومساکین کیلئے قائم کردہ فوڈ پیکج مرکز، نوجوانوں کو آئی ٹی سنٹر کے میدان میں تیار کرنے کا عزم اور تعلیم، ویلفئیر اور دیگر مختلف شعبہ جات کیلئے منصوبوں کا قیام قابل تحسین عمل ہے۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری نے مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام ہمیشہ منبرومحراب کے ذریعے قیام امن کے لئے عظیم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کو گورنر ہاؤس میں قائم کردہ آئی ٹی سنٹر، غرباء و مساکین کیلئے فوڈ پیکج مرکزکا دورہ کروایا۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے آئی ٹی سنٹر میں زیر تعلیم طلبہ وطلبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارا روشن مستقبل ہیں۔ علم ایک نور ہے اور علم ہمارا ہتھیار ہے جس سے ہم پوری دنیا پر غالب آسکتے ہیں۔
گورنر سندھ، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کی ملاقات، مذہبی ہم آہنگی، پیغام پاکستان پر گفتگو
Jun 10, 2024