کسان کنونشن: حکومت کیخلاف تقاریر، حماد اظہر سمیت 45 پی ٹی آئی ارکان پر مقدمات 

Jun 10, 2024

حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد کے علاقہ برج دارا میں ایم پی اے ضمیر الحسن بھٹی کے ڈیرہ پر گزشتہ رات کسان کنونشن سے خطاب کے بعد پولیس تھانہ کسوکی نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر حماد اظہر سمیت 45 سے زائد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ملزمان میں پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے شوکت بھٹی، ایم پی اے ضمیر الحسن بھٹی اور پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عمران حیدر بھی شامل ہیں۔ پولیس کی جانب سے تھانہ کسوکی میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق حماد اظہر نے سٹیج پر تقریر کے دوران حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی کی اور لوگوں کو حکومت کے خلاف اکسایا جبکہ دیگر ملزمان نے اس کی حمایت کی۔ جس پر پولیس نے اشتہاری حماد اظہر و دیگر ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو وہ پولیس سے گتھم گتھا ہوگئے۔ جس کے نتیجے میں اشتہاری حماد اظہر و دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ بعد ازاں پولیس نے ملزمان کے گھروں پر چھاپے مار کر پی ٹی آئی رہنما علی عمار گجرکو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر ملزمان روپوش ہوگئے۔ پی ٹی آئی کے ایم پی اے ضمیر الحسن بھٹی نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے برج دارا میں کسان کی آواز بلند کرنے کے لئے چار دیواری کے اندر کسان کنونشن رکھا ہوا تھا۔ پانچ ایم پی ایز فارغ ہونے کے بعد گاڑیوں میں روانہ ہوئے تو پولیس نے انہیں راستہ میں روک کر ان سے نہایت بدتمیزی کی اور گالی گلوچ کرنے کے ساتھ ان کی گاڑیوں کو بھی توڑا۔ اس کے بعد آدھی رات کے بعد پولیس نے میرے گھر اور ڈیرہ پر 25 گاڑیوں کے ساتھ دھاوا بول دیا جہاں پولیس نے چادر چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کر کے لاکھوں کا نقصان کیا اور ہمارا قصور صرف یہ تھا کہ ہم نے کسان کی آواز کو بلند کیا۔ اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمر ایوب نے یہاں برج دارا میں ایم پی اے ضمیرالحسن بھٹی کے ڈیرہ پر ایک بہت بڑے کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کٹھ پتلی ہے۔ اس کے کنٹرول میں کچھ نہیں۔ موجودہ حکمرانوں کی پراپرٹیز باہر کے ملکوں میں پڑی ہیں۔ یہ پاکستان میں صرف کسانوں اور کاشتکاروں کا خون چوسنے آتے ہیں۔ ان حکمرانوں کے سامنے صرف ایک شخص کھڑا ہے اور وہ ہے قیدی نمبر 804۔ ان حکمرانوں نے ہمارے گھروں کی توڑ پھوڑ کی اور دہشت گردی پھیلائی۔ پنجاب میں ایک ٹائوٹ آئی جی تو ہم اس جیسے تمام ٹاوٹوں کا احتساب کریں گے۔

مزیدخبریں