راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ) الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کے ماہر ڈاکٹرز نے سات ماہ کے بچے کی آنکھ سے ٹیومر نکالنے کی کامیاب سرجری کی ہے۔ افغانستان سے لائے گئے سات ماہ کے بچے کی بائیں آنکھ پر بڑا ٹیومر تھا۔ جو اب 40 سینٹی میٹر لمبائی تک پہنچ چکا تھا۔ ٹیومر کی چوڑائی 25 سینٹی میٹر اور وزن 400 گرام تھا جس سے خون بہہ رہا تھا تاہم متاثرہ بچے کی بائیں آنکھ کا کامیاب آپریشن کرکے ٹیومر مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے۔ بچے کو اب سات ماہ بعد مصنوعی آنکھ لگائی جائے گی۔ سرجری نہ کی جاتی تو ٹیومر دوسری آنکھ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا تھا۔ والدین کو بچے کی سرجری کرانے پر کونسلنگ کرکے آمادہ کیا گیا۔ سرجری اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ کی سربراہی میں ڈاکٹرز کی ٹیم نے کی۔ انکی ٹیم میں ڈاکٹر منصور، ڈاکٹر علی رضا، ڈاکٹر زارا اور ڈاکٹر ہدا شامل تھے۔