ٹی وی‘ ریڈیو کی سینئر نیوز کاسٹر تسکین ظفر انتقال کر گئیں

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ریڈیو پاکستان  اور پاکستان ٹیلی ویژن کی نیوز کاسٹر تسکین ظفر راولپنڈی میں مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ 1957ء میں راولپنڈی میں پیدا ہونے والی تسکین ظفر کئی دہائیوں تک نشریاتی اداروں سے وابستہ رہیں۔ وہ 1980ء میں اناؤنسر کی حیثیت سے ریڈیو پاکستان سے وابستہ ہوئیں۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان حالات حاضرہ کے چینل پر پروگراموں کی میزبانی بھی کی۔ وہ پاکستان ٹیلی ویژن سے بھی وابستہ رہیں جہاں انہوں نے موسیقی کے کئی پروگراموں کی میزبانی کی اور شعبہ تعلقات عامہ میں ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔ تسکین ظفر کو ان کی شاندار خدمات پر گزشتہ سال صدارتی تمغہ حسن  کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔ تسکین ظفر کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں عزیز و اقارب، صحافیوں اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سینیئر نیوز کاسٹر تسکین ظفر کے انتقال پر  افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ تسکین ظفر باصلاحیت اور تجربہ کار نیوز کاسٹر تھیں۔

ای پیپر دی نیشن