مظفر آباد: جیپ دریا میں جا گری، 10 افراد ڈوب گئے، 4 نعشیں برآمد

مظفر آباد+ بہاولنگر+ مریدکے (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) جیپ دریا میں گرنے سے 10 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے جبکہ دو بھائی‘ بھتیجا بہاولنگر اور دو بھائی مرید کے میں ٹریفک حادثات میں چل بسے۔ تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر کے ضلع آٹھ مقام کے بالائی علاقہ کیل سے تاوبٹ جانے والی مسافر جیپ MDA146 کریم آباد کے مقام پر دریائے نیلم میں جاگری۔ مقامی لوگوں اور پاک فوج کی ٹیموں نے ریسکیو کرتے ہوئے 4زخمیوں کو طبی امداد کے لئے مقامی ہسپتال منتقل کیا جبکہ 11سے زائد افراد دریائے نیلم میں بہہ گئے ہیں جن میں چار افراد کی ڈیڈ باڈیز نکال لی گئی ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جیپ میں سات سیاح اور چھ خانہ بدوش اور تین مقامی افراد سوار تھے۔ علاوہ ازیں ہارون آباد روڈ پر پیش آیا حادثہ میں کار سامنے سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 5 سالہ بچے سمیت 3 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 2 خواتین شدید زخمی ہوئیں۔ مرنے والوں میں 2 بھائی اور ان کا بھتیجا شامل ہے جو ساہیوال کے رہائشی تھے۔ دریں اثناء جی ٹی روڈ کھوڑی کے قریب 22 ویلر ٹرک اور موٹر سائیکل رکشہ کے تصادم میں 2 نوجوان بھائی جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔ جاں بحق و زخمی افراد کا تعلق ایک ہی فیملی سے ہے۔ زخمیوں میں ماں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ جبکہ سبحان اور گل شیر جاں بحق ہو گئے۔

ای پیپر دی نیشن