اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی بجٹ کے سلسلے میں مختلف تجاویز سامنے آ رہی ہیں، خلائی تحقیقی ادارے سپارکو کیلئے 65 ارب 61 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ آئندہ وفاقی بجٹ میں سپارکو کیلئے ایک نیا منصوبہ شامل کرنے کی تجویز ہے، سپارکو آئندہ مالی سال ڈیپ اسپیس آسٹرونومیکل آبزرویٹریز بھجوائے گا جس کیلئے 65 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ سیٹلائٹ سسٹم پاک سیٹ ون کیلئے 59 ارب 18 کروڑ 36 لاکھ روپے، پاک سیٹ 2 کی فیزیبلٹی اینڈ سسٹم ڈیفینیشن اسٹڈی کیلئے 24 کروڑ 80 لاکھ، پاکستان اسپیس سینٹر کے قیام کیلئے 4 ارب 18 کروڑ 53 لاکھ روپے اور پاکستان آپٹیکل ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کیلئے ایک ارب 35 کروڑ کے فنڈز مختص کرنے کی تجویز ہے۔ ملک میں اہم فصلوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے بھی بجٹ میں فنڈز تجویز کیا گیا ہے، گندم کی پیداوار بڑھانے کیلئے بجٹ میں 14 کروڑ روپے، نئے مالی سال گنے کی پیداوار بڑھانے کیلئے 6 کروڑ روپے، چاول کی پیداوار بڑھانے کیلئے 6 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ دالوں کی پیداوار بڑھانے کی تحقیق کیلئے 30 کروڑ روپے، کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے بجٹ میں 19 کروڑ روپے اور زیتون کی کاشت کو کمرشل بنیاد پر فروغ دینے کیلئے ایک ارب رکھنے کی تجویز ہے۔