لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دیدی۔نیویارک کے نساؤ کائونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں گروپ اے کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔بھارت کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 119 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔اننگز کا آغاز ویرات کوہلی اور روہت شرما نے کیا۔ صرف تین کھلاڑی ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوئے ۔ رشب پنت نے 42، اکشر پٹیل نے 20 اور کپتان روہت شرما نے 13 رنز بنائے۔ پہلی وکٹ 12 رنز پر گری جب ویرات کوہلی نسیم شاہ کی گیند پر 4 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ 19 رنز کے مجموعی سکور پر روہت شرما بھی شاہین آفریدی کی گیند پر 13 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔تیسری وکٹ 58 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب اکشر پٹیل 20 رنز بنانے کر نسیم شاہ کا شکار بنے، 89 کے مجموعی سکور پر سوریا کمار یادیو 7 رنز بناکر حارث رئوف کی گیند پر آئوٹ ہوئے، شیوم دوبے صرف تین رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر اْن ہی کو کیچ تھما گئے۔محمد عامر کے اوور میں 96 کے مجموعی سکور پر بھارت کی یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گریں، رشب پنت 42 رنز اور رویندر جدیجہ صفر پر پویلین لوٹ گئے۔112 کے مجموعی سکور پر ہارڈک پانڈیا اور جسپریت بمراہ بھی یکے بعد دیگرے آئوٹ ہوئے۔آخری وکٹ 119 کے مجموعی سکور پر گری جب ارشدیپ سنگھ 9 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔بھارتی اننگز کے دوران بارش کے باعث پہلا اوور مکمل ہوتے ہی میچ روک دیا گیا تھا جو 9 بجے دوبارہ شروع ہوا، میچ روکے جانے سے قبل بھارت نے ایک اوور میں بغیر کسی نقصان کے 8 رنز بنائے تھے۔حارث رئوف اور نسیم شاہ نے 3، 3، محمد عامر نے 2 اور شاہین آفریدی نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بھارت نے پاکستان کو جیت کیلئے 120 رنز کا ہدف دیا تھا۔پاکستان ٹیم ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور 7 وکٹوں پر 113 رنز بناسکی۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز بابر اعظم اور محمدف رضوان نے کیا، پہلی وکٹ 26 رنز پر گر گئی، بابراعظم 13 رنز بنانے کے بعد جسپریت بمراہ کی گیند پر سلپ پر کھڑے فیلڈر کو کیچ تھما گئے۔57 کے مجموعی سکور پر عثمان خان 13 رنز بناکر اکشر پٹیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ تیسری وکٹ 73 رنز پر گری جب فخر زمان بھی 13 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ شاداب خان 4 رنز بناسکے۔عماد وسیم 15‘افتخار احمد پانچ رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ نسیم شاہ دس رنز پرناٹ آئوٹ رہے ۔ جسپریت بمرا نے تین ‘ہاردک پانڈیا نے دو ‘ارشدیپ سنگھ اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ جسپریت بمرا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ قبل ازیں بارش کے باعث میچ مقررہ وقت سے تاخیر کا شکار ہوکر 7:30 کے بجائے 8:20 پر شروع ہوا، میچ کا ٹاس بھی بارش کی وجہ سے مقررہ وقت 7 بجے سے آدھا گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوا۔میگا ایونٹ میں مسلسل دو شکست کے بعد پاکستان ٹیم کا سپر ایٹ مرحلہ کیلئے تقریبا سفر ختم ہوگیا۔ کینیڈا اور آئرلینڈ کیخلاف میچ باقی ہیں تاہم بھارت اور امریکہ نے اپنے پہلے دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں پہلی مرتبہ بھارتی ٹیم پاکستان کے خلاف آل آؤٹ ہوگئی۔اس سے قبل ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 2 مرتبہ بھارت کی 9 وکٹیں گری ہیں اور 2 مرتبہ 7 وکٹیں گری ہیں۔نیویارک میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے میچ میں بھارت کی پوری ٹیم 119 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔119 آل آؤٹ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کیخلاف بھارت کا کم ترین سکور ہے۔اس سے قبل بھارت کا کم ترین سکور 2012میں 9 وکٹ پر 133 رنز تھا۔وزیر اعظم کا شہباز شریف کا شاندار بائولنگ پر قومی ٹیم کو خراج تحسین ‘انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے نیویارک میں شاندار بائولنگ کی ۔قبل ازیں 18ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے یوگنڈا کو 134رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ گروپ سی کی ٹیموں کے درمیان پروویڈنس کے گیانا نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے 5وکٹوں پر 173رنز بنائے‘ یوگنڈا کی ٹیم 12 اوورز میں 39رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 10کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے ۔ عقیل حسین نے 5وکٹیں حاصل کیں اور وہ مین آف دی میچ قرار پائے۔