لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور مریم نواز کی حکومت کے پہلے 100 دن میں مہنگائی میں17 فیصد کمی آچکی ہے۔ پنجاب حکومت کے 100دن مکمل ہونے پر سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے جاری بیان میں کہا کہ جیسے جیسے شہباز شریف اور مریم نواز کی کارکردگی آگے بڑھ رہی ہے بانی پی ٹی آئی کے جھوٹ اور سازش کا شور بھی بڑھتا جارہا ہے۔ عوام کو سوچنا چاہیے، مہنگائی میں کمی پر بانی پی ٹی آئی کو کیوں تکلیف ہوتی ہے، 100دن میں روٹی 14 سے 12 روپے پر آگئی، 100دن میں نوجوانوں کے ہاتھ میں پیٹرول بم نہیں پھر سے لیپ ٹاپ دیے ہیں، 100دن میں آٹا، روٹی، گھی کی قیمت میں واضح کمی آچکی ہے۔ ہم نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں پٹرول بم نہیں لیپ ٹاپ دیئے۔ انہوں نے کہا کہ آٹا، روٹی اور گھی کی قیمت میں واضح کمی آچکی ہے، کسانوں کو جدید مشینری کی رعایتی قیمت پر فراہمی شروع کی جاچکی ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے وفاق اور پنجاب میں 100 دن کے دوران ایک بار پھر عوام کو نئی امید اور ملک کو درست سمت دی ہے، 100 دن میں پاکستان ایشیا کا وہ واحد ملک بن چکا ہے جس میں مہنگائی سب سے تیزی سے کم ہورہی ہے۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ ہماری حکومت کی اس مختصر مدت میں دوائی مفت اور علاج کی فراہمی گھر کی دہلیز تک پہنچنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، پاکستان اور پنجاب کا پہلا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا پروگرام شروع کردیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز نے 100دنوں میں 42عوامی مفادکے منصوبے متعارف کرائے ہیں،صحت کارڈ پر رنگ روغن آپ نے کیا ،یہ منصوبہ نوازشریف 2015میں متعارف کراچکے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی پریس کانفرنس کے رد عمل میں عظمی بخاری نے کہا کہ تختیاں لگانا آپ کی حکومت کا مشغلہ رہا ہے،عثمان بزدار تو اپنا تعارف بھی شہبازشریف کے نام سے کراتے تھے،کسانوں کی بات کرنے سے پہلے تھوڑی سے شرم آنی چاہیے ،تحریک انصاف کے دور میں دو کسانوں کو گولیاں ماری گئیں،ہم آپ کی انڈے،کٹے،مرغیاں اور خیراتی ادارے کے لنگر خانوں کی کارکردگی کا واقع ہی مقابلہ نہیں کرسکتے۔ انہوںنے کہا کہ مریم نواز نے وزیراعلی منتخب ہوتے ہی 30ارب کا رمضان پیکج دیا،راشن بیگز لوگوں کے گھروں میں پہنچائے،مسیحیوں کو ایسٹر پیکج اور ہندو برادی کو ہولی پیکج دیا،لاہور میں پہلا سرکاری کینسر ہسپتال اور سرگودھا انسٹیٹیوٹ آف کاڈیالوجی ہسپتال شروع کیے،مریم نواز کے وزیراعلی بننے کے بعد تین ماہ میں آٹا 1200روپے سستا اور روٹی 20سے 12روپے تک آگئی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مفت علاج معالجے کیلئے فیلڈ ہسپتال،کینسر کی مفت ادیات اور کلنک آن ویلز پروگرام متعارف کرائے،پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ایئرایمبولینس کی سہولت متعارف کرانے جارہے ہیں،5لاکھ کسانوں کیلئے 300ارب کا تاریخی پیکج لائے، اب ٹریکٹر سکیم بھی متعارف کرا دی ہے،کسانوں کیلئے ون ونڈو آپریشن متعارف کرا رہے جہاں کسان کی ضرورت کی تمام اشیاء ایک چھت کے نیچے ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی حکومت نے کسان کارڈ، ہمت کارڈ اور لائیو سٹاک کارڈ متعارف کرائے، صوبے میں نئی شاہراہوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جارہی ہے۔