اسلام آباد(خبرنگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے خیبر پختونخوا چیپٹرکے کانووکیشن کا انعقادگذشتہ روز پشاور میں منعقد ہوا، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے تقریب کی صدارت کی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات ملک بھر کی جامعات کے لئے قابل تقلید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں ، شہدا کے بچوں اور خواجہ سراوں کو مفت تعلیم فراہم کرنا ملک و قوم کے لئے اوپن یونیورسٹی کی بہت بڑی خدمت ہے، فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج آپ کی عملی زندگی کے سفر کا آغاز ہے، تعلیم کو تبدیلی کا ذریعہ بنائیں اور ملک و قوم کے لئے فخر کا باعث بنیں، ہمیں جامعات کی تعداد بڑھانے سے زیادہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے گورنر نے مزید کہا کہ صوبے کی 26 جامعات کے وائس چانسلر تعیناتی کی سمری ملتے ہی منظوری دے دوں گا ، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود ،رجسٹرار راجہ عمر یونس نے بھی خطاب کیا۔گورنر اور وائس چانسلر نے 246 طلبا و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں جن میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 42طلبہ کو گولڈ میڈلز کے تمغوں سے نوازا گیا۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات قابل تقلید ہیں،فیصل کریم کنڈی
Jun 10, 2024