اکادمی ادبیات کے زیر اہتمام سہ روزہ قومی تقریب تقسیم اعزازات کل شروع ہوگی 

Jun 10, 2024

اسلام آباد (خبرنگار)اکادمی  ادبیات پاکستان کے زیر اہتمام سہ روزہ "قومی تقریبِ تقسیم ِاعزازات" 11 تا 13 جون 2024 اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس میں گزشتہ سات برسوں میں اکادمی ادبیات پاکستان کی طرف سے ادبی اعزازات وصول کرنے والے اہل قلم کو سندات اور شیلڈز پیش کی جائیں گی۔ اکادمی ادبیات کی صدرنشین ڈاکٹر نجیبہ عارف نے بتایا کہ گزشتہ سالوں میں اعزازیافتہ اہلِ قلم کو بروقت مالی انعامات تو دیے جاتے رہے مگر سندات پیش نہ کی جا سکیں۔ اِس تقریب کے ذریعے نہ صرف بہترین کتابیں لکھنے والے اہلِ قلم کی شایانِ شان حوصلہ افزائی ہو گی بلکہ قومی یکجہتی، ہم آہنگی اور ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔ ہر اجلاس میں اہم کلیدی خطبات بھی ہوں گے ، افتتاحی اجلاس 11 جون صبح 10 بجے تا دن 12:30بجے، اسلا م آباد ہوٹل میں منعقد ہوگا۔ افتتاحی اجلاس میں کمالِ فن ایوارڈ پیش کیے جائیں گے۔ اِس اجلاس کے مہمانِ خصوصی عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اور قومی ورثہ و ثقافت ہوں گے جبکہ مہمانِ اعزاز زہرا نگاہ ہوں گی۔ حسن ناصر جامی، وفاقی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، سپاس نامہ پیش کریں گے۔ ڈاکٹر نجیبہ عارف، صدر نشین، اکادمی ادبیات پاکستان، خطبہ استقبالیہ جبکہ یاسمین حمید، کلیدی خطبہ پیش کریں گی۔ نظامت تصور زمان بابر کریں گے تقریب کا دوسرا اجلاس 11جون کو 3 بجے سہ پہرتا 5:30 بجے شام منعقد ہوگا۔

مزیدخبریں