لائوڈ اسپیکر کے ذریعے آوازیں لگا کر اشیاء کی فروخت،شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی

Jun 10, 2024

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)شہر وکینٹ کے گلی محلوں میں لائوڈ اسپیکر کے ذریعے آوازیں لگا کر مختلف اشیاء فروخت کرنے والے ریڑھی بانوں، پھیری والوں اور بھکاریوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ، کافی عرصہ سے راولپنڈی و چکلالہ کینٹ اور اندرون شہرکے بیشتر علاقوں میں چھلی ریت والا ،سبزی فروٹ ، آئس کریم ،کباڑیا ،بھکاری مافیا و دیگر اشیا بیچنے والے ریڑھی بانوں اور پھیری والوں نے سپیکرز اور میگا فونز کا استعمال شروع کررکھا ہے۔جس کی وجہ سے کینٹ و شہر کے رہائشی بالخصوص مریض ،عمر رسیدہ افراد اور طلبا بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔شہریوں نے بتایاکہ پھیری والے اور بھکاری سارا دن شہریوں کی ناک میں دم کیے رکھتے ہیں اور ریڑھی بان ہمہ وقت میگافونز اور اسپیکرز کے ذریعے اونچی آواز میں شہریوں کا سکون غارت کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔شہریوں نے کہاکہ مساجد اور دیگر عبادت گاہوں پر ایمپلی فائر ایکٹ کا نفاذ بدستور جاری ہے جبکہ گلی محلوں میں اشیا فروخت کرنے والوں کی جانب سے سارا دن ایمپلی فائر ایکٹ کی صریح خلاف ورزی کا عمل جاری رہتا ہے تاھم ضلعی انتظامیہ اور پولیس ایمپلی فائر ایکٹ پر پابندی کرانے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے صوتی آلودگی کے خلاف سوموٹو نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہاہے کہ اس ضمن میں ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی روکنے میں ناکامی پر ضلعی انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

مزیدخبریں