بوچھال کلاں(نامہ نگار) لاہور کے رہائشی نعمان مشتاق ولد مشتاق احمد اپنے بھانجے محمد داور ممتاز ولد ڈاکٹر ممتاز احمد کے ہمراہ اسلام اباد سے لاہور جا رہے تھے، ان کی گاڑی کلرکہار کے قریب خراب ہوگئی انہوں نے ورکشاپ کو کال کی اور خود گاڑی کا بونٹ کھول کر چیک کر رہے تھے کہ موٹروے کی دوسری جانب ایک کار آکر رکی جس میں تین افراد سوار تھے جن میں 2 افراد نکل کر ان کی جانب ائے اور اسلحہ تان کر ان سے 1 لاکھ 60 ہزار کے قریب نقدی، موبائل فون اور اے ٹی ایم کارڈز و دیگر کاغذات چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ موٹروے پولیس کے افسران پہنچ گئے جن کو دیکھ کر وہ حفاظتی جالی پھلانگ کر فرار ہوگئے، ان کا ساتھی کار بھگا کر نکل گیا جس کو کچھ فاصلہ پر موٹروے موبائل نے پکڑ لیا جبکہ ڈی ایس پی موٹروے ملک محمد اسلم کی قیادت میں موٹروے پولیس اور مقامی پولیس نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دونوں ملزمان کو دھرابی ڈیم کے قریب سے انتہائی ڈرامائی انداز میں گرفتار کر کے مقامی پولیس کے حوالے کردیا گیا، جبکہ ان کے قبضہ سے لوٹی گئی تمام رقم برآمد کرلی گئی، جب ان کی گاڑی کی تلاشی لی گئی تو کار کی ڈگی میں سے ایک دنبہ برآمد ہوا جو انہوں نے کلرکہار انٹرچینج کے قریب سے اٹھا کر ڈگی میں ڈالا ہوا تھا، ملزمان کا تعلق مردان سے بتایا جاتا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان سے تفتیش شروع کردی ہے۔
موٹروے پر کار سوار مسافروں کو لوٹنے والے گروہ ڈرامائی انداز میں گرفتار
Jun 10, 2024